ہماری صدی کا سب سے بڑا المیہ یہی ہے کہ انسان نے اپنے ہونے کے احساس کو دکھنے میں ضائع کر دیا۔ شخصیت اب کردار سے نہیں تاثر سے پہچانی جاتی ہے، علم اب گہرائی سے نہیں، دکھاوے سے معتبر سمجھا جاتا ہے۔ روح اب خاموشی سے نہیں لائکس اور تعریفی جملوں سے مسرور ہوتی ہے گویا وجود کی اصل کو بازارِ نظر میں نیلام کر دیا گیا۔ انسان کی ازلی کمزوری یہ ہے کہ وہ اپنے وجود کے آئینے میں خود کو پہچاننے کے بچائے دوسروں کی آنکھوں میں اپنی تصویر تلاش کرتا ہے۔ یہی تلاش رفتہ رفتہ ایک ایسی بیماری میں بدل جاتی ہے جسے فلسفہ وجود میں خود نمائی کہا جا سکتا ہے۔ یعنی اپنی ذات کو دکھانے، منوانے اور سراہنے کی شدید خواہش رکھنا۔ یہ وہ نفسیاتی اضطراب ہے جو انسان کے باطن کو خالی اور ظاہر کو مصنوعی طور پر چمکدار بنا دیتا ہے۔ گویا اندر ایک صحرا ہے مگر باہر فانوس جل رہے ہیں۔ خود نمائی کی جڑیں اس وقت پیوست ہوتی ہیں جب انسان کی اصل پہچان اس کی باطنی روشنی کے بجائے دوسروں کی توصیف سے وابستہ ہو جائے۔ جب تعریف و تحسین کا نشہ روح کی غذا بن جائے تو شعور کا توازن بکھرنے لگتا ہے۔ ایسے میں انسان اپنے مقصدِ حیات سے ہٹ کر ایک تماشائی روح میں بدل جاتا ہے۔ جو ہر لمحہ کسی نہ کسی سٹیج پر خود کو پیش کر رہا ہوتا ہے، موجودہ دور میں خود نمائی ایک فطری کمزوری کے بجائے ایک سماجی قدر بن چکی ہے انسان نے انکساری کو کمزوری اور شہرت کو کامیابی سمجھ لیا، اب لوگ اعمال نہیں دکھاتے، تاثر دیکھتے ہیں۔ کردار نہیں بناتے، تصویر بناتے ہیں۔ حقیقت نہیں جیتے مگر کہانی سناتے ہیں۔ یہ وہ عہد ہے جہاں انسان خود سے زیادہ اپنی پیشکش میں زندہ ہے، گویا وجود اب حقیقت نہیں ایک اشتہار ہے۔ خود نمائی کا المیہ یہ ہے کہ انسان کو اپنے اندر کی تنہائی سے بچنے کا فریب دیتی ہے وہ سمجھتا ہے کہ اگر سب اس کی تعریف کریں، اس کی موجودگی کو تسلیم کریں تو شاید اس کے باطن کا خلا بھر جائے۔ مگر حقیقت یہ ہے کہ جتنی زیادہ نمائش بڑھتی ہے اتنی ہی گہرائی میں تنہائی اترتی جاتی ہے۔ یہ ایک ایسا قفس ہے جس کے دروازے خود انسان نے سونے کی ملمع کاری سے آراستہ کیے ہوتے ہیں جبکہ حقیقت میں اندر اندھیرا اور باہر روشنی کی نمود ہوتی ہے۔ نفسیاتی زاویے سے یہ احساسِ کمی کا مظہر ہے جس انسان کو اپنی ذات پر یقین نہیں ہوتا وہ دوسروں سے تائید چاہتا ہے، ہر لمحہ دوسروں کی نظروں میں اپنی بقا تلاش کرتا ہے اور یہ ایک ایسا وجودی اضطراب ہے جو انسان کو خود سے بیگانہ کر دیتا ہے۔ سوشل میڈیا نے اس بیماری کو اجتماعی صورت دے دی ہے اب یہاں ہر انسان اداکار ہے اور ہر لمحہ ایک منظر تخلیق کرنے میں مصروف ہے۔ یہ سب اس نفسیاتی نرگسیت کے مظاہر ہیں جہاں انسان اپنی زندگی کو جینے کے بجائے پیش کرنے میں مصروف ہے۔ یہ عہد اس قدر خود بین ہو چکا ہے کہ احساسات تک کو فالوورز کی گنتی کے ترازو میں تولا جاتا ہے۔ دکھ بھی تب معتبر ٹھہرتے ہیں جب تصویری ہوں، خوشیاں معنی رکھتی ہیں جب دیکھی جائیں۔ خود نمائی کا سب سے بڑا نقصان یہ ہے کہ یہ انسان کو اپنے باطن سے کاٹ دیتی ہے وہ اپنے اندر کی خاموش آوازوں کو سننے کے بجائے دوسروں کے شور میں خود کو گم کر دیتا ہے۔ نتیجہ یہ کہ انسان کا اندر جہاں کبھی خودی کے چراغ جلتے تھے ایک ویران بستی میں تبدیل ہو جاتا ہے۔ یہ وہ مقام ہے جہاں شخصیت، روح اور سچائی سب کچھ صرف نمائش کی قربان گاہ پر قربان ہو جاتا ہے۔ جب انسان اپنی اصل پہچان سے ہٹ کر دوسروں کی توقعات اور مصنوعی معیارات کے مطابق جینے لگے تو وہ ایک نہ ختم ہونے والے اضطراب کا شکار ہو جاتا ہے۔ سوشل میڈیا پر بنائی گئی چمکدار شخصیت اگر حقیقت کی دنیا سے میل نا کھاتی ہو تو انسان اندر سے کھوکھلا ہو جاتا ہے۔ یہی وہ مقام ہے جہاں خود اعتمادی اور خود نمائی کے درمیان لکیر دھندلا جاتی ہے۔ خود نمائی وقتی تسکین دیتی ہے مگر یہ تسکین مستقل نہیں ہوتی، جبکہ خود اعتمادی ایک مضبوط بنیاد کی مانند ہوتی ہے جو وقت گزرنے کے ساتھ مزید مستحکم ہوتی جاتی ہے۔ یہاں یہ سمجھنا ضروری ہے کہ حقیقی خوشی اور اطمینان اندرونی استحکام سے حاصل ہوتا ہے، نہ کہ دوسروں کی طرف سے دی گئی وقتی توجہ سے۔ سوشل میڈیا ایک آئینہ ضرور ہو سکتا ہے مگر کبھی انسان کے اصل کا متبادل نہیں بن سکتا۔ زندگی کا اصل جمال اپنی اصل کو پہچاننے اور اس پر استقامت سے قائم رہنے میں پوشیدہ ہے۔ مصنوعی تحسین کے پیچھے بھاگنے کے بجائے، حقیقت پر مبنی خود اعتمادی کو اپنائیں، کیونکہ سچائی ہی وہ جوہر ہے جو شخصیت کو حقیقی معنوں میں نکھارتا ہے۔ وقت کی اشد ضرورت ہے کہ ہم خود احتسابی کی عادت کو اپنائیں۔ کیا ہم سوشل میڈیا پر اپنی سچائی بیان کر رہے ہیں یا محض تصنع کا شکار ہو رہے ہیں؟ اگر ہم چاہتے ہیں کہ سوشل میڈیا ہماری شخصیت کا معمار بنے نہ کہ مسخ گر، تو ہمیں اسے ایک ذمہ دارانہ انداز میں برتنا ہو گا۔ حقیقی زندگی کی قدروں کو اہمیت دینا ہو گی، تعلقات کی گہرائی کو محض لائکس اور فالوورز کی سطحیت پر قربان نہیں کرنا ہو گا اور سب سے بڑھ کر اپنی ذات کی سچائی کو تسلیم کرنا ہو گا۔ کیونکہ اگر شخصیت کا اصل کھو جائے، تو خواہ کتنی ہی شہرت کیوں نا حاصل ہو انسان کی روح کا خلا کبھی پُر نہیں ہو سکتا۔ سوشل میڈیا ایک طاقتور ذریعہ ہے لیکن اسے اپنی سوچ، احساسات اور خودی کی قیمت پر حکمرانی کرنے کی اجازت دینا انسان کی سب سے بڑی شکست ہو گی۔ خود نمائی کی جڑ میں خوفِ گمنامی چھپا ہوتا ہے وہ خوف جو انسان کو بے قرار رکھتا ہے کہ کہیں دنیا اسے بھول نا جائے، یہی خوف اسے روز ایک نئے خول میں ڈھال دیتا ہے۔
خود کے قفس میں قید انسان
09:03 AM, 20 Oct, 2025