علیمہ خان 11 مرتبہ وارنٹ جاری ہونے کے بعد عدالت پیش

01:15 PM, 20 Nov, 2025

اسلام آباد: پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق مقدمے میں پیشی کے لیے عدالت میں پیش ہو گئیں، جہاں ان کے خلاف 11 مرتبہ ناقابلِ ضمانت وارنٹس گرفتاری جاری کیے جا چکے تھے۔

علیمہ خان اپنے وکیل فیصل ملک اور سپیشل پراسیکیوٹر ظہیر شاہ کے ساتھ راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئیں۔ اس موقع پر مقدمے کے دیگر ملزمان اور پانچ گواہ بھی عدالت میں موجود تھے۔

سماعت کے دوران علیمہ خان نے دہشت گردی کی دفعہ 7 اے ٹی اے کو چیلنج کرتے ہوئے اس کو غیر قانونی قرار دینے کی درخواست دائر کی۔ ساتھ ہی انہوں نے عدالت سے یہ درخواست کی کہ ان کے خلاف جاری تمام وارنٹ گرفتاری منسوخ کیے جائیں اور ان کے منجمد بینک اکاؤنٹس بحال کیے جائیں۔

عدالت نے ان کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے 7 اے ٹی اے کی دفعہ ختم کرنے کی درخواست منظور کر لی اور وکیلِ سرکار کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 26 نومبر کو اس پر دلائل طلب کر لیے۔ عدالت نے اس کے ساتھ ہی علیمہ خان کی پراپرٹی کی ضبطی کا عمل بھی ختم کر دیا۔

اس دوران سرکاری وکیل نے وارنٹس منسوخی اور بینک اکاؤنٹس کی بحالی کی مخالفت کی، تاہم عدالت نے علیمہ خان کو آئندہ سماعت پر لازمی حاضری کا حکم دیتے ہوئے تمام وارنٹس کو ختم کر دیا۔ عدالت نے پانچ گواہان کو بھی آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔

علیمہ خان کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج پر تھانہ صادق آباد میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں ان پر کارکنوں کو پُرتشدد احتجاج پر اکسانے، جلاؤ گھیراؤ کرنے اور سرکاری امور میں مداخلت کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں