کیلیفورنیا : گوگل نے حال ہی میں اپنا نیا اور زیادہ طاقتور اے آئی ماڈل "جیمنائی 3" لانچ کیا ہے، جو صارفین کے لیے جیمنائی ایپ اور اے آئی سرچ انٹرفیس پر دستیاب ہے۔ یہ ماڈل گوگل کی طرف سے "جیمنائی 2.5" کے سات مہینے بعد متعارف کرایا گیا ہے، اور اس میں پہلے سے زیادہ بہتر اور جدید فیچرز شامل ہیں۔
اس ماڈل کی لانچ ایسے وقت میں ہوئی ہے جب اوپن اے آئی نے اپنا "GPT 5.1" ماڈل جاری کیا ہے، جس سے گوگل نے اے آئی کی دنیا میں اپنی پوزیشن کو مزید مستحکم کرنے کی کوشش کی ہے۔
گوگل کا کہنا ہے کہ جیمنائی 3 میں منطقی سوچ اور استدلال کی صلاحیتوں میں قابلِ ذکر بہتری آئی ہے۔ یہ ماڈل زیادہ گہرائی اور تفصیل کے ساتھ ردعمل دیتا ہے، جو پہلے کے ماڈلز سے کہیں زیادہ بہتر ہے۔ اس ماڈل کا "ڈیپ تھنک" ورژن بھی متعارف کرایا گیا ہے، جو خاص طور پر تحقیقاتی کاموں میں مددگار ثابت ہوگا اور یہ گوگل اے آئی الٹرا کے سبسکرائبرز کو جلد ہی دستیاب ہوگا۔
گوگل نے یہ بھی بتایا کہ جیمنائی ایپ کے ماہانہ صارفین کی تعداد اب 65 کروڑ سے زیادہ ہوچکی ہے، جو اس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو ظاہر کرتا ہے۔
نیا "گوگل اینٹی گریویٹی" پاور کوڈنگ انٹرفیس بھی متعارف کرایا گیا ہے، جو ملٹی ایجنٹک کوڈنگ کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس میں چیٹ جی پی ٹی جیسے پروموٹ ونڈو اور براؤزر ونڈو شامل ہیں، جو صارفین کو اپنے براؤزر اور ایڈیٹر کے ساتھ بہترین ایپس بنانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
یہ نیا ماڈل گوگل کے لیے ایک بڑی پیشرفت ہے، جو نہ صرف اس کی ٹیکنالوجی کو مزید مستحکم کرے گا بلکہ مختلف شعبوں میں صارفین کو نئی اور بہتر سہولتیں فراہم کرے گا۔