پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ کا خطرہ بڑھ گیا تھا، مگر ان کی مداخلت نے جنگ کو روکا ، ٹرمپ

09:59 AM, 20 Nov, 2025

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ کا خطرہ بڑھ گیا تھا، مگر ان کی مداخلت نے جنگ کو روکا۔ سعودی بزنس فورم میں خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے بتایا کہ انہوں نے دونوں ممالک کو سخت انتباہ دیا تھا کہ اگر وہ جنگ شروع کرتے ہیں تو امریکہ ان پر 350 فیصد ٹیرف لگا دے گا، اور اسی دھمکی کی وجہ سے دونوں ممالک نے جنگ کے ارادے کو ترک کر دیا۔

ٹرمپ کے مطابق، انہوں نے پاکستان اور بھارت کے رہنماؤں کو واضح طور پر کہا کہ ایٹمی جنگ نہیں ہو سکتی، کیونکہ اس کے اثرات دنیا بھر پر پڑیں گے، اور وہ نہیں چاہتے کہ ایٹمی دھماکوں کے بادل لاس اینجلس تک پہنچیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے دونوں رہنماؤں کو بتایا کہ اگر جنگ ہوئی تو تجارت نہیں ہو گی، اور دونوں ممالک کے درمیان اس جنگ کا نتیجہ دنیا کے لیے تباہ کن ہوگا۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے انہیں فون کر کے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ نے لاکھوں لوگوں کی زندگیاں بچائیں۔ اس کے ساتھ ہی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی انہیں کال کر کے کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ جنگ نہیں کرنا چاہتے اور جنگ روکنے پر تیار ہیں۔

ٹرمپ نے اس دوران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی درخواست کا ذکر بھی کیا، جنہوں نے انہیں سوڈان کے تنازعے میں مداخلت کرنے کے لیے کہا تھا۔ ٹرمپ نے کہا کہ سوڈان کی صورتحال بے قابو ہو رہی تھی، اور سعودی ولی عہد نے چاہا کہ وہ اس مسئلے پر کوئی مضبوط قدم اٹھائیں، جس کے بعد انہوں نے سوڈان کے مسئلے پر کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔

مزیدخبریں