اسلام آباد:پاک چین سفارتی تعلقات کی ڈائمنڈ جوبلی (75 سالہ جشن) کے موقع پر پارلیمنٹ ہاؤس میں اس وقت خوشگوار منظر دیکھا گیا جب چین کا ایک اعلیٰ سطحی وفد سینیٹ کے اجلاس کی کارروائی دیکھنے مہمانوں کی گیلری پہنچا۔ ایوانِ بالا نے چینی مہمانوں کا بھرپور خیرمقدم کیا۔
نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے چینی وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند اور شہد سے میٹھی ہے، جس کی بنیاد غیر متزلزل باہمی اعتماد پر ہے۔وزیرِ خارجہ نے اعتراف کیا کہ جب پاکستان شدید توانائی بحران کا شکار تھا، تو چین نے مخلص دوست کا حق ادا کرتے ہوئے یہاں پاور پلانٹس لگائے اور ملک سے لوڈ شیڈنگ کا اندھیرا ختم کرنے میں سب سے بڑا کردار ادا کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید آگے بڑھائیں گے۔چینی وفد کی آمد پر سینیٹ کے دیگر ارکان نے بھی دونوں ممالک کی دوستی کے حق میں نعرے لگائے اور تالیاں بجا کر یکجہتی کا اظہار کیا۔
سینیٹ میں چینی وفد کا شاندار استقبال؛ پاک چین تعلقات کے 75 سال مکمل، وفد اجلاس کی کارروائی دیکھنے مہمانوں کی گیلری پہنچ گیا
01:29 PM, 20 May, 2026