قومی سلامتی چیلنجز اور جامعات کا کردار؛ نیشنل سکیورٹی ورکشاپ میں ڈی جی آئی ایس پی آر کی تعلیمی قیادت سے اہم ملاقات

12:29 PM, 20 May, 2026

راولپنڈی:ملک بھر کے تعلیمی اداروں اور قومی سلامتی کے اداروں کے مابین روابط کو مزید مستحکم کرنے کے لیے "نیشنل سکیورٹی اینڈ اسٹریٹجک لیڈرشپ ورکشاپ 2026ء" کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے ملک کی اعلیٰ تعلیمی قیادت کے ساتھ ایک خصوصی نشست کی، جس میں پاکستان کو درپیش اسٹریٹجک چیلنجز اور ان کے حل میں تعلیمی شعبے کے کردار پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
اس مقتدر ورکشاپ میں ملک کی تاریخ میں پہلی بار تعلیمی قیادت کا ایک بڑا اجتماع دیکھا گیا، جس میں پاکستان کی 200 سے زائد سرکاری اور نجی جامعات کے وائس چانسلرز، ڈینز، رجسٹرارز اور سینئر اساتذہ نے شرکت کی۔
نشست سے خطاب اور تبادلۂ خیال کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس بات پر زور دیا کہ دورِ حاضر کے پیچیدہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے صرف عسکری ہی نہیں بلکہ فکری محاذ پر بھی مضبوطی لازمی ہے۔ انہوں نے وائس چانسلرز اور اساتذہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا  جامعات ہماری نوجوان نسل کے افکار کی آبیاری کرتی ہیں۔ ملک بھر کے تعلیمی رہنماؤں کا یہ اجتماع اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی فکری اور دفاعی قیادت ملکی ترقی اور سلامتی کے لیے ایک صفحے پر ہیں۔
ورکشاپ کے شرکاء نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ایسے سیشنز سے قومی بیانیے کو مضبوط کرنے اور طلبہ میں اسٹریٹجک لیڈرشپ کی صلاحیتیں پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔

مزیدخبریں