سمندری سرحدوں پر منشیات اور غیر قانونی نقل و حمل کا انسداد کوسٹ گارڈز کا طرہ امتیاز ہے، طلال چوہدری

10:20 AM, 20 May, 2026

کراچی:وزارتِ داخلہ پاکستان کوسٹ گارڈز کے جوانوں کی قربانیوں اور خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کراچی میں کوسٹ گارڈز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔
طلال چوہدری نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کرنے کے بعد اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کوسٹ گارڈز ایک اعلیٰ کارکردگی کی حامل فورس ہے جس نے ہر محاذ پر ملک کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے کہا غیر قانونی تارکینِ وطن کے راستے بند کرنا اور ساحلی پٹی کے ذریعے منشیات کی اسمگلنگ کا خاتمہ اس فورس کا خاصہ رہا ہے۔ ملکی بقا اور داخلی امن کے لیے آپ کا کردار ہمیشہ قابلِ ستائش رہا ہے۔
وزیرِ مملکت نے نئے شامل ہونے والے جوانوں کو ملکی سرحدوں کے تحفظ کا حلف اٹھانے پر مبارکباد دی اور عزم کا اظہار کیا کہ حکومت فورس کو جدید چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کرتی رہے گی۔

مزیدخبریں