چین کی پاک فضائیہ کو مسلسل تکنیکی مدد کی یقین دہانی، ایئر چیف اور چینی سفیر میں اہم ملاقات

11:26 PM, 20 May, 2025

راولپنڈی: چین نے پاکستان کے ساتھ دفاعی اور تکنیکی شعبے میں بھرپور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ یہ یقین دہانی ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے چینی سفیر کی ملاقات کے دوران کرائی گئی، جس میں علاقائی سیکیورٹی اور دفاعی روابط پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک نے مربوط حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ابھرتے ہوئے خطرات کا مؤثر طور پر سامنا کیا جا سکے۔ اس موقع پر فوری ردعمل اور باہمی ہم آہنگی کو خطے کی سلامتی کے لیے کلیدی قرار دیا گیا۔


چین اور پاکستان نے دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے اور موجودہ روابط کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا۔ چینی سفیر نے مشرقی سرحدی کشیدگی کے دوران پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور کارکردگی کو سراہا۔

ایئر چیف مارشل نے چین کی دوستانہ حمایت اور تکنیکی اشتراک پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا:

"پاکستان اور چین آئرن برادرز ہیں، اور یہ دوستی وقت کے ساتھ مزید گہری ہو رہی ہے۔"

ایئر چیف نے تحقیقی شعبے، مقامی استعداد، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور انسانی وسائل کی ترقی میں چین کے کردار کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ اس موقع پر چینی سفیر نے کہا:

"پاک فضائیہ چینی ساختہ دفاعی آلات کو مؤثر طریقے سے استعمال کر رہی ہے، جبکہ خود انحصاری کے میدان میں پاکستان کی پیش رفت حوصلہ افزا ہے۔ مقامی سطح پر ٹیکنالوجی کے فروغ سے پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہو گا۔"

مزیدخبریں