صحت مند معدہ چاہتے ہیں؟ تو فاسٹ فوڈ سے فاصلہ رکھیں

09:19 PM, 20 May, 2025

نیویارک : اگر آپ باقاعدگی سے فاسٹ فوڈ کھاتے ہیں تو ہوشیار ہو جائیں، کیونکہ ایک تازہ طبی تحقیق نے انکشاف کیا ہے کہ چکنائی اور نمک سے بھرپور خوراک کا صرف چند بار استعمال بھی معدے میں خفیہ ورم (سوجن) پیدا کرنے کے لیے کافی ہے، جو وقت کے ساتھ دائمی بیماری کی صورت اختیار کر لیتا ہے۔

یہ تحقیق معروف طبی جریدے "امیونٹی" میں شائع ہوئی ہے، اور اسے فاسٹ فوڈ کے انسانی نظامِ انہضام پر اثرات کے حوالے سے انتہائی اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔

تھوڑا فاسٹ فوڈ، بڑا نقصان
ماہرین نے چوہوں پر کیے گئے تجربات کے دوران یہ پایا کہ معمولی مقدار میں بھی چکنائی سے لبریز غذائیں معدے میں موجود ایک اہم پروٹین IL-22 کی مقدار کو کم کر دیتی ہیں، جو کہ ورم پر قابو پانے کے لیے ناگزیر ہے۔

علامات کا برسوں بعد ظاہر ہونا
ماہرین کے مطابق ابتدائی مرحلے میں یہ ورم خاموشی سے جمع ہوتا ہے، اور ممکن ہے کہ برسوں تک اس کی کوئی علامت ظاہر نہ ہو۔ تاہم وقت گزرنے کے ساتھ یہ مسئلہ دائمی ورم میں بدل سکتا ہے، جس سے معدے کی قدرتی حفاظتی صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔

غذائی عادات پر نظرِثانی کی ضرورت
تحقیق کرنے والے سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اس مطالعے سے واضح ہوا ہے کہ ہماری خوراک کا براہِ راست اثر ہماری صحت، خصوصاً معدے کے نظام پر پڑتا ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا ہے کہ لوگ فاسٹ فوڈ کی عادت کو محدود کریں اور زیادہ سے زیادہ قدرتی اور متوازن غذا کو ترجیح دیں۔

آگاہی کی اہمیت
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس تحقیق سے لوگوں میں صحت مند خوراک کے انتخاب کے حوالے سے شعور بیدار ہوگا اور وہ اپنی روزمرہ خوراک سے متعلق زیادہ بہتر فیصلے کرنے کے قابل ہو سکیں گے۔

مزیدخبریں