کیلیفورنیا: معروف سوشل میڈیا پلیٹ فارم بلواسکائی نے کھیلوں کے شوقین افراد کے لیے ایک نیا فیچر پیش کیا ہے، جس کی بدولت اب صارفین کو براہِ راست جاری کھیلوں کے مقابلوں کے بارے میں فوری اطلاع مل سکے گی۔
ٹیکنالوجی سے متعلق ویب سائٹس کے مطابق، اس نئی سہولت کے تحت جیسے ہی کوئی میچ لائیو ہو گا، متعلقہ نشریاتی ادارے کے اکاؤنٹ کی پروفائل تصویر کے گرد سرخ رنگ کی بار نمودار ہو گی، ساتھ ہی "Live" کا ٹیگ بھی دکھائی دے گا۔
صارفین اس نشانی پر کلک کر کے سیدھا یوٹیوب، ٹوئچ یا کسی اور اسٹریمنگ پلیٹ فارم پر منتقل ہو سکیں گے جہاں وہ میچ براہ راست دیکھ سکتے ہیں۔
بلواسکائی کی چیف آپریٹنگ آفیسر روز وانگ کا کہنا ہے کہ اس فیچر کا مقصد لوگوں کو لائیو ایونٹس تک آسان رسائی دینا ہے، نہ کہ انہیں بلواسکائی تک محدود رکھنا۔ ان کے مطابق، پلیٹ فارم مہنگے نشریاتی معاہدوں پر سرمایہ نہیں کر رہا، بلکہ صارفین کو دیگر پلیٹ فارمز پر براہِ راست مواد دیکھنے میں سہولت دے رہا ہے۔
یہ فیچر ابتدا میں صرف NBA اور WNBA کے اکاؤنٹس پر آزمایا جا رہا ہے، جبکہ مستقبل میں اس کا دائرہ مزید بڑھایا جائے گا۔
کھیلوں کے شوقین افراد کے لیے یہ ایک خوش آئند تبدیلی ہے، کیونکہ اب وہ سوشل میڈیا پر ہی رہتے ہوئے کسی بھی لائیو میچ کا پتہ لگا سکیں گے اور فوری تبصرے یا ردعمل بھی دے سکیں گے۔