وفاقی کابینہ کا بڑا فیصلہ: جنرل سید عاصم منیر فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری

06:03 PM, 20 May, 2025

اسلام آباد : پاکستان کی وفاقی کابینہ نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو پاک فوج کے سب سے اعلیٰ عسکری رینک فیلڈ مارشل پر ترقی دینے کی منظوری دے دی ہے۔ اس تاریخی فیصلے کا اعلان وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس کے بعد کیا گیا۔

اجلاس میں ملک کی سیکیورٹی صورتحال، دفاعی حکمت عملی اور خطے میں بدلتے ہوئے حالات پر غور کیا گیا۔ کابینہ نے جنرل عاصم منیر کی قیادت میں قومی دفاع کو مضبوط بنانے، اور عسکری محاذ پر کامیاب حکمت عملیوں کو سراہتے ہوئے متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا۔فیلڈ مارشل کے عہدے پر فائز ہونے والے جنرل سید عاصم منیر، پاکستان کی عسکری تاریخ میں یہ درجہ حاصل کرنے والی دوسری شخصیت ہیں۔ اس سے قبل صرف جنرل محمد ایوب خان کو 1960 کی دہائی میں فیلڈ مارشل کا رینک دیا گیا تھا۔

حکومتی بیان کے مطابق، جنرل عاصم منیر کی فیلڈ مارشل کے طور پر ترقی ان کی پیشہ ورانہ مہارت، قائدانہ صلاحیتوں اور ملک کے دفاع میں ان کے کلیدی کردار کا اعتراف ہے۔ یہ اعزاز نہ صرف ان کے لیے بلکہ پوری افواجِ پاکستان اور قوم کے لیے فخر کا باعث ہے۔

مزیدخبریں