لاہور: پنجاب میں جاری شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر محکمہ تعلیم نے صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں 28 مئی سے گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان کر دیا ہے۔
صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ گرمی کی شدت اور بچوں کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کا اطلاق تمام اسکولوں اور کالجز پر ہوگا، چاہے وہ سرکاری ہوں یا نجی ہوں۔
مزید یہ کہ چھٹیوں سے پہلے، تمام سکولوں میں کلاسز محدود وقت تک ہوں گی۔ نئی ہدایات کے مطابق اسکول صبح 7:30 بجے شروع ہوں گے اور 11:30 بجے تک ختم کر دیے جائیں گے۔ محکمہ تعلیم نے والدین، طلبہ اور اسکول انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ نئے اوقات کار پر عمل کریں اور گرمی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔