ریاض : سعودی عرب کے فرمانروا، خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے فلسطینی شہداء، قیدیوں اور زخمیوں کے خاندانوں کے لیے ایک خاص اعلان کیا ہے۔ شاہ سلمان ایک ہزار فلسطینیوں کو اپنے ذاتی خرچ پر حج کرائیں گے۔
یہ اعلان "مہمانانِ خادم حرمین شریفین پروگرام" کے تحت کیا گیا ہے، جس کی نگرانی سعودی وزارت اسلامی امور کر رہی ہے۔ اس پروگرام کے تحت فلسطینی مہمانوں کو وطن سے لے کر مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ تک مکمل سفری، رہائشی اور دیگر عبادتی سہولیات دی جائیں گی۔
وزیر اسلامی امور، شیخ عبداللطیف آل الشیخ نے اس فیصلے پر شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ قدم فلسطینی عوام سے سعودی عرب کی مضبوط دینی اور اخلاقی وابستگی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعلان نہ صرف اسلامی بھائی چارے کی مثال ہے بلکہ مظلوم فلسطینیوں کے لیے ایک حوصلہ افزا پیغام بھی ہے۔