پاکستان نے گولڈن ٹیمپل کو نشانہ بنانے کے بھارتی الزامات کو مسترد کر دیا

02:01 PM, 20 May, 2025

اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کی طرف سے لگائے گئے اس الزام کو سختی سے رد کر دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ پاکستان نے امرتسر میں واقع سکھوں کے مقدس مقام گولڈن ٹیمپل کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ یہ الزام سراسر جھوٹا اور بے بنیاد ہے۔ ترجمان کے مطابق گولڈن ٹیمپل سکھ مذہب کا انتہائی مقدس مقام ہے اور پاکستان اس کا دل سے احترام کرتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت خود ماضی میں مذہبی عبادت گاہوں کو نشانہ بناتا رہا ہے اور حال ہی میں 6 اور 7 مئی کی درمیانی رات پاکستان میں بھی مختلف عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا گیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت اس طرح کے الزامات لگا کر دنیا کی توجہ اپنے ملک کے اندر اقلیتوں کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک سے ہٹانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سکھ مذہب کے مقدس مقامات کا نگران اور محافظ ہے، اور ہر سال ہزاروں سکھ یاتری پاکستان آتے ہیں جنہیں مکمل سہولیات دی جاتی ہیں۔

ترجمان  کا  مزید کہناتھا  کہ کرتارپور راہداری کے ذریعے سکھ یاتریوں کو بغیر ویزے گوردوارہ دربار صاحب تک رسائی دی جاتی ہے، جو پاکستان کے بین المذاہب ہم آہنگی کے عزم کا واضح ثبوت ہے۔

مزیدخبریں