نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے یہ بات عرب ممالک کے سفیروں کو جنوبی ایشیا کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے حالیہ جارحانہ اقدامات، جن میں سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی بھی شامل ہے، نہ صرف اشتعال انگیز ہیں بلکہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی بھی ہیں۔
عاصم افتخار نے واضح کیا کہ بھارت کی جانب سے کھلی جارحیت پر پاکستان کا ردعمل اپنے دفاع کے قانونی حق کے تحت اور متوازن انداز میں دیا گیا۔
انہوں نے عرب سفیروں کو یہ بھی بتایا کہ پاکستان جنگ بندی برقرار رکھنے اور کشیدگی کم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی اسی پالیسی پر کاربند رہے گا۔ آخر میں ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا ضروری ہے، تب ہی خطے میں حقیقی اور مستقل امن ممکن ہو سکے گا۔