بہار خوشیوں کے بجائے درد لے کر آئی ہے:نوروز پر صدر زرداری کا بصیرت افروز پیغام

03:16 PM, 20 Mar, 2026

اسلام آباد / تہران : صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے نوروز کے پرمسرت موقع پر پاکستانی قوم اور خطے کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے اس دن کو 'تجدیدِ نو' اور 'روشنی کی تیرگی پر فتح' کی علامت قرار دیا ہے۔ تاہم، انہوں نے عالمی تنازعات کے شکار خطوں کی سنگین صورتحال پر گہری تشویش کا بھی اظہار کیا ہے۔
 صدر آصف زرداری نے اپنے پیغام میں افسوس کا اظہار کیا کہ جنگ زدہ علاقوں میں یہ بہار خوشیوں کے بجائے انسانی المیوں کی یاد دلا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان خطوں میں پھولوں کے بجائے ہر طرف ملبہ اور خوف کے سائے چھائے ہوئے ہیں۔ صدر نے ان تمام لوگوں کے لیے خصوصی دعا کی جو کٹھن حالات میں نوروز منا رہے ہیں اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ دن دنیا میں امن اور استحکام کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔
انہوں نے نوروز کو ایک ایسا استعارہ قرار دیا جو ہمیں سکھاتا ہے کہ ہر مشکل کے بعد آسانی اور ہر اندھیرے کے بعد سویرا لازمی ہے۔
دوسری جانب برادر اسلامی ملک ایران میں بھی کل جشنِ نوروز روایتی جوش و خروش سے منایا جائے گا۔ایرانی عوام پر مسلط کردہ جنگ اور بیرونی دباؤ کے باوجود ملک بھر میں تیاریاں عروج پر ہیں۔ تہران سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں کو سجا دیا گیا ہے اور ایرانی عوام اس عزم کے ساتھ نئی بہار کا استقبال کر رہے ہیں کہ کوئی بھی مشکل ان کی قومی خوشیوں کو ماند نہیں کر سکتی۔

مزیدخبریں