اسلام آباد: دہشت گرد گروہ ٹی ٹی پی (TTP) کے نام نہاد بیانیے کی حقیقت ایک بار پھر دنیا کے سامنے آ گئی ہے، جہاں معصوم بچوں کو ڈھال بنا کر ان کے ہاتھوں میں بھاری اسلحہ تھمانے کے ہولناک مناظر سامنے آئے ہیں۔ دفاعی ماہرین نے اسے قوم کے مستقبل سے کھیلنے کی ایک مذموم اور سفاکانہ کوشش قرار دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، خوارج کی حالیہ سرگرمیاں طاقت نہیں بلکہ بوکھلاہٹ کی نشانی ہیں۔ بچوں کو تعلیم کے بجائے بندوق تھمانا کسی طور بہادری نہیں ہو سکتا۔ یہ ان کے بچپن کو مسلنے اور انہیں فساد کا ایندھن بنانے کے مترادف ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ چند مخصوص ویڈیوز جاری کر کے اپنا 'کنٹرول' ثابت کرنے کی کوشش محض ایک پروپیگنڈا ہے۔ یہ گروہ خوف پھیلا کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
خوارج کے طریقہ کار نے ثابت کر دیا ہے کہ ان کا مقصد تعمیر نہیں بلکہ صرف تخریب ہے۔ قیمتی درختوں کو آگ لگانا اور ہتھیاروں کے زور پر زبردستی اپنا نظریہ مسلط کرنا کسی طاقت کی نہیں، بلکہ ذہنی پستی کی علامت ہے۔ زبردستی کے ہتھیار اور جبر کا راج انسانیت کے خلاف بدترین جرم ہے۔
مذہبی اسکالرز نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ اسلام امن اور انسانیت کے احترام کا دین ہے، جبکہ ان خوارج کا راستہ صرف اور صرف فساد، جبر اور انسانی وقار کی تذلیل پر مبنی ہے۔ ان کا بیانیہ مذہب سے کوسوں دور ہے۔
خوارج کا 'سفاک چہرہ' بے نقاب: بچوں کے ہاتھوں میں بندوق، بہادری نہیں بزدلی کی انتہا
11:24 AM, 20 Mar, 2026