کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اعلان کیا ہے کہ صوبے کے مسائل کو وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر حل کیا جائے گا اور ان مسائل پر باقاعدہ طور پر صوبے میں ہی بات کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کوئٹہ میں وفاقی وزراء کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی وزراء اور سیکریٹریز کے ساتھ صوبے کے 47 اہم مسائل پر تفصیلی اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی محکموں سے متعلق مسائل کو حل کرنے کے لیے ہر دو ماہ بعد اجلاس کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کی جانب سے وزیراعظم اور وفاقی وزراء کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور اب صوبے کے مسائل کو یہاں ڈسکس کر کے حل کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ اجلاس میں لاپتہ افراد اور دیگر اہم قوانین پر بات چیت ہوئی اور بعض فیصلے کیے گئے۔ وزیراعظم نے صوبے کے زمینداروں کے لیے سولر پینل سسٹم کے منصوبے کا اعلان کیا، جس میں وفاق 70 فیصد اور بلوچستان 30 فیصد رقم ادا کرے گا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مشکاف میں مارے گئے دہشت گردوں کی لاشیں امانتاً دفنائی گئی ہیں اور ڈی این اے کے ذریعے ان کی شناخت کر کے ان کی لاشیں ورثا کے حوالے کی جائیں گی۔