سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی: تھانہ آئی نائن پر حملے میں ملوث 2 دہشت گرد گرفتار

06:06 PM, 20 Mar, 2025

راولپنڈی: کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے راولپنڈی مغل مارکیٹ کے قریب ایک بڑی کارروائی کے دوران تھانہ آئی نائن پر حملے میں ملوث دو خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

سی ٹی ڈی کے ترجمان نے کہا کہ ان دونوں دہشت گردوں کا تعلق فتنہ الخوارج سے ہے اور انہیں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے ذریعے گرفتار کیا گیا۔ گرفتار دہشت گردوں کی شناخت حمزہ اور رومان کے نام سے ہوئی ہے، اور یہ دونوں راولپنڈی اور اسلام آباد میں دہشت گردی کے لیے حساس مقامات کی ریکی کر چکے تھے۔

دورانِ گرفتاری دہشت گردوں سے بڑی مقدار میں بارودی مواد، دستی بم، ڈیٹونیٹر، سیفٹی فیوز اور دیگر تخریبی سامان برآمد ہوا ہے۔ سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا ہے۔

دہشت گردوں نے ابتدائی تفتیش میں یہ انکشاف بھی کیا کہ وہ گزشتہ کچھ ماہ قبل تھانہ آئی نائن پر ہینڈ گرنیڈ سے حملہ کرنے میں ملوث تھے۔ سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ شہریوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔

مزیدخبریں