اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ ملک میں داخلی طور پر کمزوری پیدا کرنے کے لیے سازشیں کی جا رہی ہیں اور بعض ناعاقبت اندیش عناصر ملک کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں قومی اتفاق رائے کی اشد ضرورت ہے تاکہ ہم ملک کو درپیش چیلنجز کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کر سکیں۔
طارق فضل چوہدری نے اپنی نیوز کانفرنس میں کہا کہ عسکری قیادت نے قومی سلامتی کمیٹی کو ملک کی سیکیورٹی صورتحال پر مکمل آگاہی فراہم کی ہے اور حکومت ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں، اور گزشتہ بیس سالوں میں 93 ہزار سے زائد جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ لیکن بدقسمتی سے آج بھی کچھ عناصر اس جدوجہد کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے واضح طور پر کہا کہ کچھ مخصوص عناصر پاکستان اور اس کے مفادات کے خلاف سرگرم ہیں، اور ان کا بیانیہ ملک کی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔ طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ہمیں اندرونی طور پر کمزور کرنے کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دینا چاہیے، اور عوام سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کے استحکام کے لیے حکومت کا ساتھ دیں اور کسی بھی ملک دشمن بیانیے کو مسترد کریں۔