پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دیں:ایاز صادق 

03:50 PM, 20 Mar, 2025

اسلام آباد: سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں اور اس جنگ میں بھاری قیمت چکائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے سنگین خطرات کا سامنا کر رہا ہے، خاص طور پر افغانستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کے باعث۔

ایاز صادق نے ہارورڈ یونیورسٹی کے طلبہ ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلسل نبرد آزما ہیں اور اس جنگ میں 90 ہزار سے زائد جانوں کا نذرانہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغان حکومت کو کئی بار دہشت گرد تنظیموں کے خلاف شواہد فراہم کیے ہیں اور افغان سرزمین کے پاکستان کے خلاف استعمال کے معاملے کو اقوام متحدہ میں اٹھایا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کا موقف یہ ہے کہ دہشت گردی کی آگ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں پھیل سکتی ہے اور عالمی برادری کو اس صورت حال پر فوری توجہ دینی چاہیے۔ ایاز صادق نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہے اور اس نے طویل عرصے تک افغان مہاجرین کا بوجھ اٹھایا ہے۔

سپیکر نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر پاکستان کے اصل چہرے کو مسخ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جب کہ حقیقت میں پاکستان کا تشخص تب ہی سمجھا جا سکتا ہے جب لوگ خود یہاں آ کر پاکستان کی حقیقت کو دیکھیں۔

مزیدخبریں