اسلام آباد: ورلڈ ہیپی نیس رپورٹ 2025 کے مطابق، فن لینڈ ایک بار پھر دنیا کا خوش ترین ملک قرار پایا ہے، جب کہ افغانستان سب سے ناخوش ملک کے طور پر سامنے آیا ہے۔
رپورٹ میں پاکستان کو 109 واں، بھارت کو 118 واں، سری لنکا کو 133 واں، بنگلہ دیش کو 134 واں، نیپال کو 92 واں اور چین کو 68 واں نمبر دیا گیا ہے۔ فن لینڈ کے بعد ڈنمارک اور آئس لینڈ کا نمبر آتا ہے، جب کہ سویڈن اور نیدرلینڈز بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، امریکہ کی درجہ بندی میں نمایاں کمی آئی ہے اور وہ 24 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔ اس کی وجہ اکیلے کھانے کی عادت میں اضافہ بتایا گیا ہے، جس سے خوشی کی سطح کم ہوئی ہے۔ امریکہ میں اکیلے کھانے والے افراد کی تعداد میں گزشتہ دو دہائیوں میں 53 فیصد اضافہ ہوا ہے، جو خوشی میں کمی کی ایک بڑی وجہ ہے۔
ورلڈ ہیپی نیس رپورٹ کے مطابق، دنیا کے سب سے ناخوش ممالک میں افغانستان سب سے نیچے ہے، اس کے بعد سیرا لیون اور لبنان کا نمبر آتا ہے۔