لاہور : محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ہے۔ ملک کے زیادہ تر حصوں میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم بالائی پہاڑی علاقوں میں رات اور صبح کے وقت سردی محسوس ہو سکتی ہے۔ اسلام آباد اور اس کے اطراف میں جزوی طور پر بادل چھائے رہنے کا امکان ہے، جب کہ مری، گلیات اور ان کے ارد گرد گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
گجرات، گوجرانوالہ، راولپنڈی، چکوال، جہلم، تلہ گنگ اور میانوالی میں بھی چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ دیر، سوات، شانگلہ، ہری پور، مانسہرہ، ایبٹ آباد، چارسدہ، نوشہرہ، پشاور، کوہاٹ، کرک، باجوڑ، کرم اور مالاکنڈ میں بارش کی توقع ہے۔ بلوچستان کے زیادہ تر علاقے خشک رہیں گے، مگر شمالی اضلاع میں جزوی طور پر بادل چھا سکتے ہیں۔ سندھ کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم خشک اور زیریں حصے گرم رہیں گے۔
وزیرستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، اور آزادکشمیر میں بھی کچھ مقامات پر بارش اور گرج چمک کی پیش گوئی کی گئی ہے۔