R-4 اجلاس: اسحاق ڈار کی مصر آمد، علاقائی امور پر مشاورت متوقع

10:36 PM, 20 Jun, 2026

قاہرہ : نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار مصر کے دارالحکومت قاہرہ پہنچ گئے ہیں جہاں وہ اتوار کو منعقد ہونے والے ریجنل وزرائے خارجہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

قاہرہ آمد پر ان کا استقبال مصر کی وزارت خارجہ کے پالیسی پلاننگ، ریسرچ، کرائسز مینجمنٹ اور اسیسمنٹ کے اسسٹنٹ وزیر نزیہ النگری اور پاکستان کے سفیر عامر شوکت نے کیا۔

دورے کے دوران اسحاق ڈار کی کانفرنس کے موقع پر شریک ممالک کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ دوطرفہ ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔

اجلاس میں مصر، سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے وزرائے خارجہ شریک ہوں گے، جہاں خطے کی مجموعی صورتحال، امن و سلامتی اور علاقائی استحکام سے متعلق امور زیر غور آئیں گے۔

شرکاء پہلے سے جاری مذاکرات کے تسلسل کو آگے بڑھاتے ہوئے باہمی تعاون کے مختلف شعبوں کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کریں گے۔

اسحاق ڈار اپنے دورے کے دوران مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی سے ملاقات کریں گے جبکہ ان کی مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات بھی متوقع ہے۔

ان ملاقاتوں میں پاکستان اور مصر کے تعلقات کو مختلف شعبوں میں وسعت دینے کے ساتھ ساتھ خطے اور عالمی امور پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔

پاکستان نے مصر، سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت کا حامل قرار دیا ہے۔

R-4 فریم ورک کو رکن ممالک کے درمیان رابطے، تعاون اور خطے میں امن و خوشحالی کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں کا عکاس قرار دیا جاتا ہے۔
 

مزیدخبریں