گلگت بلتستان: امجد حسین ایڈووکیٹ پیپلز پارٹی کے وزیراعلیٰ امیدوار مقرر

10:31 PM, 20 Jun, 2026

گلگت:  پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے لیے امجد حسین ایڈووکیٹ کو وزیر اعلیٰ کے منصب کے لیے نامزد کر دیا ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق یہ پہلی مرتبہ ہے کہ پیپلز پارٹی نے گلگت ریجن سے کسی رہنما کو وزارت اعلیٰ کے لیے امیدوار بنایا ہے۔ امجد حسین ایڈووکیٹ اس وقت پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صدر بھی ہیں۔

امجد حسین حالیہ انتخابات میں جی بی اے-1 گلگت کی نشست سے کامیاب قرار پائے تھے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے 24 میں سے 21 حلقوں کے ابتدائی سرکاری نتائج جاری کر دیے ہیں۔

جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیپلز پارٹی نے 9، مسلم لیگ (ن) نے 6، آئی پی پی نے 4، ایم ڈبلیو ایم نے 1 جبکہ ایک آزاد امیدوار نے ایک نشست حاصل کی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق جی بی اے-9 اسکردو 3، جی بی اے-17 دیامر 3 اور جی بی اے-15 دیامر 1 کے نتائج بعد میں جاری کیے جائیں گے۔

خواتین کی 6 مخصوص نشستوں میں سے 3 پیپلز پارٹی، 2 مسلم لیگ (ن) اور ایک آئی پی پی کے حصے میں آئی ہیں، جبکہ 3 ٹیکنوکریٹ نشستوں میں سے ہر جماعت نے ایک، ایک نشست حاصل کی ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ مخصوص اور ٹیکنوکریٹ نشستوں سمیت پارٹی کے پاس مجموعی طور پر 17 سے 19 نشستوں کی واضح برتری موجود ہے، اور امید ہے کہ گلگت بلتستان میں حکومت پیپلز پارٹی ہی تشکیل دے گی۔
 
 
 

مزیدخبریں