فیفا ورلڈ کپ2026: نیمار کی اسکاٹ لینڈ کے خلاف واپسی کا امکان

07:16 PM, 20 Jun, 2026

براسیلیا: برازیل کے ہیڈ کوچ کارلو اینچلوتی نے کہا ہے کہ اسٹار فارورڈ نیمار کی صحتیابی کا عمل بہتر انداز میں جاری ہے اور وہ ورلڈ کپ 2026 میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف گروپ سی کے آخری میچ میں ٹیم کو دستیاب ہو سکتے ہیں۔

نیمار مئی کے وسط میں پنڈلی کی انجری کا شکار ہونے کے باعث ٹیم سے باہر ہوگئے تھے، جس کے نتیجے میں وہ مراکش اور ہیٹی کے خلاف ابتدائی گروپ میچز میں حصہ نہیں لے سکے۔

کارلو اینچلوتی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نیمار کی ری ہیب پروگریس مثبت ہے۔ ان کے مطابق وہ جلد انفرادی ٹریننگ کا آغاز کریں گے جبکہ پیر سے ٹیم کے ساتھ باقاعدہ پریکٹس میں بھی شامل ہوں گے۔

کوچ نے امید ظاہر کی کہ اگر بحالی کا عمل اسی رفتار سے جاری رہا تو نیمار اسکاٹ لینڈ کے خلاف اہم میچ کے لیے اسکواڈ کا حصہ بن سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ نیمار اکتوبر 2023 کے بعد سے برازیل کی قومی ٹیم کی نمائندگی نہیں کر سکے اور اس دوران وہ مکمل فٹنس بحال کرنے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں۔

ادھر برازیل نے ورلڈ کپ مہم کا آغاز مراکش کے خلاف 1-1 کے ڈرا سے کیا تھا جبکہ ہیٹی کے خلاف شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 3-0 سے کامیابی حاصل کی۔
 
 
 

مزیدخبریں