اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سیدوف نے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
گفتگو کے دوران ازبک وزیر خارجہ نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہونے پر نائب وزیراعظم کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر کے مثبت اور تعمیری کردار کو سراہا۔
ازبک وزیر خارجہ نے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو قابلِ قدر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد نے عالمی سطح پر امن کے فروغ اور خطے میں استحکام کے لیے مؤثر کردار ادا کیا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس امید کا اظہار کیا کہ موجودہ پیش رفت آئندہ مراحل میں بھی جاری رہے گی، جس سے نہ صرف خطے بلکہ دنیا بھر میں پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ ملے گا۔
فریقین نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے گا۔