چین میں مچھر جتنا چھوٹا ڈرون تیار

07:22 PM, 20 Jun, 2025

بیجنگ: چینی ماہرین نے ایک نہایت باریک اور ہلکا پھلکا ڈرون تیار کیا ہے جو سائز میں مچھر جتنا ہے۔ اس ڈرون کو اسمارٹ فون سے کنٹرول کیا جا سکتا ہے اور یہ مستقبل میں سیکیورٹی، میڈیکل اور تحقیقی مقاصد کے لیے اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

یہ ڈرون نیشنل یونیورسٹی آف ڈیفنس ٹیکنالوجی کی روبوٹکس لیبارٹری میں تیار کیا گیا ہے۔ اس حیرت انگیز ایجاد پر مبنی رپورٹ چین کے سرکاری نشریاتی ادارے "سی سی ٹی وی" نے نشر کی ہے۔

تحقیقاتی ٹیم کے رکن لیانگ ہیکسیانگ کے مطابق، یہ چھوٹا سا ڈرون حساس علاقوں کی نگرانی، خفیہ معلومات اکٹھا کرنے اور مخصوص جنگی مشنز میں استعمال کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

ڈرون کے دو چھوٹے پر پتوں جیسے دکھائی دیتے ہیں، جبکہ اس کی باریک ٹانگیں اسے بے حد ہلکا اور چست بناتی ہیں۔ اس کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ اسے موبائل فون سے آسانی سے کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اتنے چھوٹے ڈرون میں تمام اہم پرزے، جیسے سنسر، بیٹری اور کنٹرول سسٹم، سمیٹنا ایک بڑا چیلنج ہوتا ہے۔

اگرچہ فی الحال اس کا استعمال زیادہ تر دفاعی میدان میں متوقع ہے، لیکن سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ مستقبل میں یہ ڈرون طبی تحقیق، سائنسی تجزیات اور دیگر شعبوں میں بھی کارآمد ثابت ہو سکتا ہے۔

مزیدخبریں