لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ کوئی بھی انسان شوق سے مہاجر نہیں بنتا، یہ ایک مجبوری ہوتی ہے جو دل پر بہت بڑا بوجھ ڈالتی ہے۔ گھر، زمین اور اپنا وطن چھوڑنا آسان نہیں ہوتا، لیکن کئی لوگ صرف اپنی جان بچانے کے لیے ایسا قدم اٹھاتے ہیں۔
عالمی پناہ گزین دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ جنگیں تو ایک دن ختم ہو جاتی ہیں، لیکن جو لوگ بے گھر ہو جاتے ہیں، ان کا درد نسلوں تک باقی رہتا ہے۔
انہوں نے فلسطین اور شام کے مہاجرین کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ پوری دنیا کے لیے ایک سوال ہیں کہ ہم انسانیت کے لیے کیا کر رہے ہیں؟ مہاجرین کمزور نہیں ہوتے، وہ ظلم کا شکار ہوتے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مہاجرین کو کھلے دل سے قبول کیا ہے، چاہے ہمارے وسائل کم ہی کیوں نہ ہوں۔ ہم نے لاکھوں لوگوں کو عزت کے ساتھ پناہ دی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مظلوموں کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور آگے بھی کھڑا رہے گا۔ آخر میں انہوں نے امن، انصاف اور ہر انسان کے لیے سکون کی دعا کی۔