اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (PNSC) کے بحری بیڑے میں کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارہ فوری طور پر لیز پر نئے بحری جہاز حاصل کرے تاکہ ملک کا قیمتی زرمبادلہ بچایا جا سکے۔
یہ بات انہوں نے ایک اجلاس کے دوران کہی، جس میں پی این ایس سی کے معاملات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء احد چیمہ، جنید انور چودھری اور ادارے کے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اس وقت پی این ایس سی کے پاس 10 بحری جہاز ہیں جو مجموعی طور پر 7 لاکھ 24 ہزار ٹن سے زائد مال بردار صلاحیت رکھتے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ چونکہ پاکستان کے پاس اپنے بحری جہاز کم ہیں، اس لیے سمندری راستے سے مال لانے اور بھیجنے پر ہمیں ہر سال تقریباً 4 ارب ڈالر بیرون ملک ادا کرنا پڑتے ہیں، جو کہ قومی خزانے پر بوجھ ہے۔
وزیراعظم نے واضح ہدایت کی کہ دو ہفتوں کے اندر اندر ایک مکمل بزنس پلان پیش کیا جائے، جس میں جہازوں کی تعداد بڑھانے اور زرمبادلہ بچانے کے طریقے شامل ہوں۔