خطے میں بڑھتی کشیدگی ، ایران اور یورپ کے درمیان مذاکرات آج ہوں گے

12:08 PM, 20 Jun, 2025

تہران :ایران اور مغربی یورپی ممالک کے درمیان جوہری معاملے اور خطے میں بڑھتی کشیدگی پر بات چیت آج جنیوا میں ہو رہی ہے۔ جرمنی، فرانس اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کریں گے، جس میں جوہری پروگرام اور جنگ بندی پر بات کی جائے گی۔

دوسری طرف، ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں شدت آ چکی ہے۔
ایران نے "وعدہ صادق سوم" کے تحت اسرائیلی فوج کے اہم مراکز، کمانڈ اور انٹیلی جنس ہیڈ کوارٹرز پر میزائل حملے کیے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ان حملوں میں اسرائیل کی یونٹ 8200 کو شدید نقصان پہنچا، جب کہ جنوبی اسرائیل میں ایک اسپتال پر حملے میں 130 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔

پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی ڈرون کو ایرانی علاقے لورستان میں مار گرایا گیا ہے۔

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اپنی قوم کو اتحاد برقرار رکھنے کی تلقین کی ہے اور کہا کہ اللہ کی مدد سے فتح قریب ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر قوم کمزور پڑی تو دشمن اس کا فائدہ اٹھائے گا۔

عباس عراقچی نے اسرائیلی عوام کو متنبہ کیا ہے کہ وہ فوجی مقامات سے دور رہیں، کیونکہ حملے جاری رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے سینکڑوں ایرانی شہریوں کو شہید کیا، اور ایران صرف فوجی مجرموں کو نشانہ بنا رہا ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس آج ہوگا، جب کہ ہفتے کو او آئی سی کا اہم اجلاس استنبول میں متوقع ہے، جس میں ایران بھی شریک ہوگا۔

مزیدخبریں