سکردو ایئرپورٹ پر ایک دن میں 14 پروازیں، نئی تاریخ رقم

10:54 AM, 20 Jun, 2025

سکردو :  پاکستان کے خوبصورت شمالی علاقے سکردو میں فضائی سفر کے شعبے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، جہاں ایک ہی دن میں 14 پروازیں آپریٹ ہوئیں۔ یہ سکردو ایئرپورٹ کی تاریخ کا مصروف ترین دن رہا اور ایک نیا ریکارڈ قائم ہوا۔

بدھ کے روز سکردو ایئرپورٹ پر کل 16 پروازیں شیڈول تھیں، جن میں سے 14 نے باقاعدہ لینڈنگ اور ٹیک آف کیا۔ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق، ان پروازوں میں پی آئی اے کی 4 اور ائیر بلیو کی 2 پروازیں شامل تھیں، جب کہ باقی پروازیں دیگر نجی ایئرلائنز کی تھیں۔

کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے آنے والی پروازوں نے سکردو میں لینڈ کیا، اور انہی شہروں کی جانب 7 پروازیں روانہ بھی ہوئیں۔ سکردو سے ملک کے بڑے شہروں کے لیے اتنی سرگرم پروازیں پہلی بار دیکھنے میں آئیں۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ سکردو میں بڑھتی ہوئی فضائی آمدورفت نہ صرف سیاحت کے فروغ کی علامت ہے بلکہ یہ مقامی معیشت کے لیے بھی خوش آئند اشارہ ہے۔ شمالی علاقہ جات کی خوبصورتی دیکھنے کے لیے ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی دلچسپی میں اضافہ ہو رہا ہے، اور فضائی سہولیات میں بہتری سے اس رجحان کو مزید تقویت ملے گی۔

مزیدخبریں