پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمیشہ فرنٹ لائن پر رہا ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

09:57 AM, 20 Jun, 2025

راولپنڈی :  آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمیشہ سب سے آگے رہ کر کردار ادا کیا ہے، اور اس جدوجہد میں قوم نے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔

فیلڈ مارشل اس وقت امریکہ کے سرکاری دورے پر ہیں، جہاں انہوں نے واشنگٹن ڈی سی میں بین الاقوامی پالیسی ماہرین، تجزیہ کاروں، سینئر اسکالرز اور عالمی میڈیا کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں خطے کے حالات، عالمی سیکیورٹی، اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کاوشوں پر گفتگو ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے اس موقع پر پاکستان کے امن کے عزم، "معرکۂ حق" اور "آپریشن بنیان مرصوص" جیسے اہم اقدامات کی تفصیلات پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نہ صرف اپنی سرزمین پر امن قائم کرنے میں کامیاب رہا، بلکہ خطے میں دہشت گردی کو ہوا دینے والی قوتوں کے خلاف بھی مؤثر حکمت عملی اپنائی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہائبرڈ وارفیئر جیسے چیلنجز کا بہادری سے سامنا کیا اور دنیا کو یہ پیغام دیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف ایک ملک کی نہیں، بلکہ پوری دنیا کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

مزیدخبریں