لارڈ صادق خان زیرو سے ہیرو کیسے بنے

09:54 AM, 21 Jul, 2026

لارڈ صادق خان کا سیاسی سفر جدید برطانوی جمہوریت کی ان غیر معمولی کامیابیوں میں شمار ہوتا ہے جو نسل، مذہب، رنگ، سماجی حیثیت اور معاشی پس منظر کی تمام روایتی رکاوٹوں کو عبور کرتی ہیں۔ انکی زندگی اس حقیقت کا عملی ثبوت ہے کہ اگر کسی شخص میں صلاحیت، عزم، محنت اور عوامی خدمت کا جذبہ موجود ہو تو وہ انتہائی معمولی حالات سے اٹھ کر بھی ملک کے اعلیٰ ترین مناصب تک پہنچ سکتا ہے۔ جنوبی لندن کے ایک محنت کش خاندان میں آنکھ کھولنے والے صادق خان نہ صرف لندن کے پہلے مسلمان میئر بنے بلکہ مسلسل تین مرتبہ اس منصب پر عوام کا اعتماد حاصل کیا۔ اب برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر کی سفارش پر شاہ چارلس سوم نے انہیں تاحیات ہاو¿س آف لارڈز کا رکن مقرر کر کے ”لارڈ“ کا اعزاز عطا کیا ہے، جو انکی طویل عوامی خدمات کا اعتراف ہے۔ صادق خان کی زندگی صرف برطانیہ ہی نہیں بلکہ پاکستان اور دنیا بھر کے نوجوانوں کیلئے بھی امید، حوصلے اور عزم کی علامت ہے۔ انکی کامیابی اس ابدی حقیقت کو تقویت دیتی ہے کہ مسلسل محنت، نظم و ضبط اور ثابت قدمی انسان کو ہر منزل تک پہنچا سکتی ہے۔ وہ آج صرف ایک کامیاب سیاست دان ہی نہیں بلکہ تنوع، شمولیت، مساوات اور جمہوری اقدار کی عالمی علامت بن چکے ہیں۔
2016 میں لندن کا میئر منتخب ہونا ان کیلئے کئی حوالوں سے تاریخی واقعہ تھا۔ وہ نہ صرف لندن کے پہلے مسلمان میئر بنے بلکہ نسلی اقلیت سے تعلق رکھنے والے پہلے شخص بھی تھے جنہیں اس عظیم شہر کی قیادت سونپی گئی۔ انکی کامیابی کا سب سے اہم پہلو یہ تھا کہ لندن کی عوام نے انہیں انکے مذہب یا نسلی شناخت کی بنیاد پر نہیں بلکہ انکے ویژن، قابلیت اور عوامی خدمت کے جذبے کی بنیاد پر منتخب کیا۔ یہ برطانوی جمہوریت کی پختگی کا واضح اظہار تھا جہاں ووٹرز شناخت سے زیادہ اہلیت کو ترجیح دیتے ہیں۔ دوسری مرتبہ کامیابی نے انکی قیادت پر عوامی اعتماد کو مزید مضبوط کیا، جبکہ تیسری مسلسل کامیابی نے انہیں لندن کی جدید تاریخ کے بااثر ترین میئروں میں شامل کر دیا۔ دنیا کے سب سے بڑے مالی، سفارتی اور ثقافتی مراکز میں شمار ہونے والے لندن کی قیادت ایک غیر معمولی ذمہ داری ہے۔ نو ملین سے زائد آبادی اور سیکڑوں قومیتوں اور زبانوں پر مشتمل بین الاقوامی اہمیت کے حامل اس شہر کو مو¿ثر انداز میں چلانے کیلئے غیر معمولی سیاسی بصیرت، انتظامی صلاحیت اور مختلف طبقات کو ساتھ لے کر چلنے کی اہلیت درکار ہوتی ہے، جس کا مظاہرہ صادق خان نے اپنے تینوں ادوار میں کیا۔ انہوں نے اپنی میئرشپ کے دوران لندن کو مزید محفوظ، سرسبز اور عوام دوست شہر بنانے پر خصوصی توجہ دی۔
ٹرانسپورٹ کا شعبہ انکی ترجیحات میں ہمیشہ سرفہرست رہا۔ خصوصاً کووڈ۔19 کی وبا کے دوران شدید مالی دباو¿ کے باوجود انکی انتظامیہ نے لندن کے مربوط عوامی ٹرانسپورٹ نظام کو برقرار رکھنے کی بھرپور کوشش کی۔ رہائش کی بڑھتی ہوئی لاگت لندن کے سب سے بڑے سماجی مسائل میں سے ایک ہے۔ صادق خان نے سستی رہائش گاہوں کی تعمیر میں اضافہ کرنے، مقامی حکومتوں اور نجی شعبے کے درمیان شراکت داری کو فروغ دینے اور کم آمدنی والے خاندانوں کیلئے گھروں کی دستیابی بہتر بنانے کی کوشش کی۔ اگرچہ لندن کا ہاو¿سنگ بحران کئی دہائیوں پر محیط اور پیچیدہ نوعیت کا مسئلہ ہے، امن و امان بھی انکے ایجنڈے کا بنیادی حصہ رہا۔ انہوں نے پولیسنگ، نوجوانوں کی فلاحی سرگرمیوں اور کمیونٹی پارٹنرشپ کے پروگراموں میں سرمایہ کاری کی تاکہ پُرتشدد جرائم پر قابو پایا جا سکے۔ کووڈ۔19 کی عالمی وبا انکی قیادت کا سب سے بڑا امتحان ثابت ہوئی۔ لندن کو صحت، معیشت اور سماجی زندگی کے بے مثال بحران کا سامنا تھا۔ ایسے مشکل وقت میں انکی انتظامیہ نے ہنگامی اقدامات کیے، کمزور طبقات کی مدد کو یقینی بنایا اور مرکزی حکومت کے ساتھ مل کر ضروری عوامی خدمات کو جاری رکھا۔ میں نے کووڈ۔19 کے وقت اپنے 2019-20 اور 2024 میں لندن کے طویل قیام کے موقع پر لندن کے میئر صادق خان کے کام کا قریب سے مشاہدہ کیا ہے۔ انہوں نے لندن کی عظمت واپس لانے کیلئے دن رات محنت کی اور آج لندن دنیا کے سب سے پُر شکوہ اور عظیم شہروں کی فہرست میں سب سے آگے ہے۔ بین الاقوامی سطح پر بھی انہوں نے لندن کی عالمی شناخت کو مزید بہتر کیا۔ سرمایہ کاری، سیاحت، ثقافتی روابط اور اختراعات کے فروغ کے ذریعے انہوں نے لندن کو ایک کھلے، متنوع اور دنیا سے جڑے ہوئے شہر کے طور پر پیش کیا۔ بریگزٹ کے بعد پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال کے باوجود انہوں نے عالمی سرمایہ کاروں اور بین الاقوامی اداروں کا اعتماد برقرار رکھا۔
صادق خان کی ایک نمایاں خصوصیت یہ بھی رہی کہ انہوں نے نسل پرستی، اسلاموفوبیا، یہود دشمنی اور ہر قسم کے امتیازی رویوں کے خلاف ہمیشہ واضح اور دوٹوک مو¿قف اختیار کیا۔ انہوں نے برطانوی معاشرے میں تقسیم پیدا کرنے کی بجائے اتحاد، برداشت، مذہبی ہم آہنگی اور باہمی احترام کو فروغ دیا۔ آج جب دنیا کی کئی جمہوریتیں سیاسی تقسیم اور انتہا پسندی کا شکار ہیں، انکا یہ پیغام برطانیہ سے کہیں آگے تک سنا گیا۔ ہاو¿س آف لارڈز میں تاحیات رکنیت انکی سیاسی زندگی کا ایک اور تاریخی سنگ میل ہے۔ برطانیہ میں لائف پیئر کا اعزاز ریاست کی جانب سے ان افراد کو دیا جاتا ہے جنہوں نے قومی زندگی میں غیر معمولی خدمات انجام دی ہوں۔ لارڈ بننے کے بعد صادق خان کو قومی قانون سازی، پالیسی سازی اور اہم قومی مباحث میں مزید مو¿ثر کردار ادا کرنے کا موقع ملے گا۔ یہ اعزاز انکی سیاسی کامیابیوں کیساتھ کئی دہائیوں پر محیط عوامی خدمت کا بھی اعتراف ہے۔ صادق خان کا عروج اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ برطانوی جمہوری ادارے آج بھی میرٹ، محنت اور قیادت کو نسلی یا مذہبی شناخت سے بالاتر ہو کر تسلیم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ انکی کامیابی کو صرف ذاتی کامیابی نہیں بلکہ پوری برطانوی پاکستانی برادری کی کامیابی سمجھا جاتا ہے۔
نوجوانوں کو یہ سمجھنا ہو گا کہ حقیقی قیادت اقتدار کے حصول سے نہیں بلکہ عوام کی خدمت سے جنم لیتی ہے۔ صادق خان کی کہانی ثابت کرتی ہے کہ کثیرالثقافتی معاشرے اگر مساوی مواقع، انصاف اور مضبوط جمہوری اداروں پر قائم ہوں تو تنوع کمزوری نہیں بلکہ قومی طاقت بن جاتا ہے۔ انکی قیادت نے یہ پیغام دیا کہ جدید شہر اسی وقت ترقی کرتے ہیں جب وہ سب کو ساتھ لے کر چلیں۔ آج جب لارڈ صادق خان اپنی عوامی زندگی کے نئے باب کا آغاز کر رہے ہیں تو انکا پورا سفر ثابت کرتا ہے کہ ثابت قدمی، محنت اور عوامی خدمت کبھی رائیگاں نہیں جاتی۔ پاکستانی بس ڈرائیور کے بیٹے سے دنیا کے عظیم ترین شہروں میں سے ایک کے تین مرتبہ منتخب میئر اور اب برطانوی پارلیمنٹ کے تاحیات رکن بننے تک کا سفر اس اصول کی روشن مثال ہے کہ اگر ارادے مضبوط ہوں تو کوئی منزل ناممکن نہیں رہتی۔ انکی اصل میراث صرف سڑکیں، ٹرانسپورٹ منصوبے یا ماحولیاتی پالیسیاں نہیں بلکہ وہ امید ہے جو انہوں نے دنیا بھر کے کروڑوں نوجوانوں کے دلوں میں پیدا کی ہے۔ اسی لیے صادق خان آج صرف برطانیہ یا پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کیلئے ایسی زندہ مثال بن چکے ہیں جو یہ یقین دلاتی ہے کہ عزم، محنت اور خدمتِ خلق انسان کو تاریخ کے روشن صفحات میں ہمیشہ کیلئے جگہ دلا سکتے ہیں۔

مزیدخبریں