واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر ہونے والے تازہ امریکی حملے کے بارے میں میڈیا میں گردش کرنے والی اطلاعات کے جواب میں کہا ہے کہ حملے میں ایران کی تینوں اہم جوہری تنصیبات مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو ان تنصیبات کو دوبارہ فعال کرنے میں برسوں لگ سکتے ہیں، اور اگر وہ دوبارہ اپنا جوہری پروگرام شروع کرنا چاہے تو اسے تین مختلف مقامات پر نئے سرے سے کام شروع کرنا ہوگا۔
یہ بات اس وقت سامنے آئی ہے جب امریکی میڈیا نے اپنی رپورٹس میں دعویٰ کیا تھا کہ امریکی حملے نے صرف فردو جوہری مرکز کو نقصان پہنچایا ہے، جبکہ باقی تنصیبات کو کوئی خاص نقصان نہیں ہوا۔
ٹرمپ کے اس بیان نے امریکی میڈیا کی رپورٹس سے اختلاف ظاہر کیا ہے، جس کے بعد عالمی سطح پر اس معاملے پر بحث جاری ہے اور علاقائی کشیدگی بڑھنے کے خدشات ہیں۔