ڈھاکہ : ڈھاکہ میں آج پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ کھیلا جائے گا۔ یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 5 بجے شیر بنگلہ سٹیڈیم میں شروع ہوگا۔
گزشتہ روز دونوں ٹیموں کے کپتانوں سلمان علی آغا اور لٹن داس کی موجودگی میں سیریز کی ٹرافی کی رونمائی بھی ہوئی، جس کے موقع پر دونوں نے ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور اس موقعے کو یادگار بنایا۔
پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بنگلہ دیش اپنی زمین پر ایک مضبوط ٹیم ہے اور وہ اپنی کنڈیشنز سے اچھی طرح واقف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مکمل تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گا اور چیلنجز کا مقابلہ کرے گا۔
تاہم، آج بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جس کی وجہ سے میچ اور سیریز پر بارش کے اثرات کا خدشہ ہے۔