مظفرگڑھ: ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ کا رات 4 بجے ہسپتال اور منڈیوں کا اچانک معائنہ

10:06 AM, 20 Jul, 2025

مظفرگڑھ: مظفرگڑھ میں نئے تعینات ہونے والے ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے ذمہ داریاں سنبھالتے ہی عملی اقدامات کا آغاز کر دیا۔ صبح 4 بجے کے قریب انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے حاضری رجسٹر، دواؤں کے اسٹاک اور عملے کی موجودگی کا جائزہ لیا۔

معائنے کے دوران دو ڈاکٹر غیر حاضر پائے گئے، اور بعض سوالات کے تسلی بخش جواب نہ ملنے پر ڈی سی نے ایم ایس کو دفتر طلب کر لیا۔ اس موقع پر ڈی سی کا کہنا تھا کہ عوام کو بہترین طبی سہولیات دینا وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا وژن ہے، اور فری ادویات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے سبزی اور فروٹ منڈی کا بھی دورہ کیا، جہاں گراں فروشی کی شکایات پر خریداروں سے براہ راست بات کی گئی۔ انہوں نے نیلامی کے عمل، نرخوں کے تعین اور صفائی کے نظام کا بھی جائزہ لیا، اور بہتری کے لیے فوری احکامات دیے۔

عثمان طاہر جپہ کے ان سرپرائز وزٹس کو عوامی حلقے مثبت اقدام قرار دے رہے ہیں، جو انتظامیہ کی فعال موجودگی کا ثبوت ہیں۔

مزیدخبریں