واشنگٹن : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے واشنگٹن میں یونائیٹڈ سٹیٹس انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ فنانس کارپوریشن (ڈی ایف سی) کے سی ای او بینجمن بلیک سے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں متوقع منصوبوں اور سرمایہ کاری بڑھانے پر تفصیل سے گفتگو ہوئی۔ اس ملاقات میں ڈی ایف سی کے سرمایہ کاری کے سربراہ کونر کولمین اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے پاکستان اور امریکا کے درمیان معاشی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور دونوں ممالک کے نجی اداروں کے ذریعے مشترکہ منصوبوں کے فروغ میں ڈی ایف سی کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے منصوبے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ملک کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
وزیراعظم نے پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے حکومت کے اقدامات اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کا ذکر کرتے ہوئے ڈی ایف سی سے توانائی، کان کنی، زراعت اور آئی ٹی جیسے شعبوں میں مزید فنانسنگ کی درخواست کی۔ انہوں نے ڈی ایف سی کے 1 ارب ڈالر کے پورٹ فولیو کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کی اقتصادی ترجیحات ایک دوسرے سے ہم آہنگ ہیں، جس سے کاروباری تعاون کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔
وزیراعظم نے ڈی ایف سی کو اپریل میں اسلام آباد میں ہونے والی معدنیات کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔
بینجمن بلیک نے وزیرِاعظم کو ڈی ایف سی کے پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کے اقدامات اور ترجیحات سے آگاہ کیا اور کہا کہ ڈی ایف سی شراکت دار ممالک میں اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔