وزیراعظم شہباز شریف کی واشنگٹن میں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں

10:18 AM, 20 Feb, 2026

واشنگٹن : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے واشنگٹن میں بورڈ آف پیس کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کے دوران عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں بحرین کے فرمانروا شاہ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ، آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف، ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف، قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایف اور انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو شامل تھے۔ ان ملاقاتوں میں عالمی اور علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا اور خوشگوار ماحول میں مسکراہٹوں کا بھی تبادلہ ہوا۔

وزیراعظم شہباز شریف اس وقت واشنگٹن میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت پر بورڈ آف پیس کے افتتاحی اجلاس میں شریک ہیں، جہاں پاکستان کی شرکت غزہ میں امن کے قیام اور عالمی سطح پر پاکستان کی بڑھتی ہوئی سفارتی کامیابیوں کی عکاسی کرتی ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ صدر ٹرمپ کی بروقت مداخلت سے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ رک گئی تھی، جس سے ہزاروں قیمتی جانیں بچ گئیں۔ وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ ٹرمپ کی مداخلت نے جنوبی ایشیا کو بڑی تباہی سے بچایا۔

وزیراعظم نے فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت کی اور کہا کہ انہیں اپنی سرزمین کا مکمل حق حاصل ہونا چاہئے۔ انہوں نے زور دیا کہ آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام پائیدار امن کے لئے ضروری ہے، اور اس کے لیے سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق فلسطینیوں کو ان کے حقوق دیے جانے چاہئیں۔وزیراعظم نے غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کو ختم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ خطے میں دیرپا امن قائم ہو سکے۔

مزیدخبریں