ایران کا اقوام متحدہ کو خط، امریکی فوجی حملے کی صورت میں سخت ردعمل کی دھمکی

01:58 PM, 20 Feb, 2026

تہران : ایران نے اقوام متحدہ کو ایک خط لکھا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ اگر امریکہ نے فوجی جارحیت کی تو ایران اس کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دے گا۔

ایران کے اقوام متحدہ میں مستقل مشن نے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کو خط میں آگاہ کیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات فوجی حملے کے حقیقی خطرے کو ظاہر کرتے ہیں۔ ایران نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ جنگ یا کشیدگی نہیں چاہتا، مگر اگر حملہ کیا گیا تو وہ اپنے دفاع میں بھرپور کارروائی کرے گا۔

ایران نے یہ بھی کہا کہ اگر فوجی کارروائی کی گئی، تو اس کا ردعمل خطے میں موجود دشمن قوتوں کے فوجی اڈوں اور اثاثوں پر ہوگا۔

خط میں امریکی صدر کی سوشل میڈیا پوسٹ کا بھی ذکر کیا گیا، جس میں ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر ایران نے معاہدہ نہیں کیا تو امریکہ کو ممکنہ طور پر ڈیگو گارشیا اور آر اے ایف فیئر فورڈ ایئر فیلڈ استعمال کرنا پڑیں گے۔

ایران نے اقوام متحدہ سے درخواست کی کہ وہ موجودہ حالات کا نوٹس لے اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے اپنے اثر و رسوخ کا استعمال کرے۔

مزیدخبریں