سی آئی اے کراچی کی بھتہ خوری کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں پر رپورٹ جاری

10:02 PM, 20 Dec, 2025

کراچی: کراچی کی اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے شہر میں بھتہ خوری کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں سے متعلق اپنی رپورٹ شائع کر دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق، سال 2025 کے دوران کراچی میں مجموعی طور پر 171 بھتہ خوری کے کیسز درج ہوئے۔ ان میں سے 75 کیسز کو اصل بھتہ خوری کے طور پر ثابت کیا گیا، جبکہ باقی 96 کیسز لین دین، جائیداد کے تنازعات، ذاتی لڑائیوں اور دیگر نوعیت کے جھگڑوں سے متعلق تھے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ 75 اصل بھتہ خوری کے کیسز میں سے 71 کیسز کو ٹریس کیا گیا، جس سے اس سال کی ٹریسنگ کی شرح 95 فیصد رہی۔ ان مقدمات میں 128 ملزمان کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

ایس آئی یو کے مطابق، بھتہ خوری کے مقدمات میں ملوث 6 ملزمان پولیس مقابلوں میں مارے گئے، جب کہ 14 دیگر ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق، اس سال کے دوران بھتہ خوری میں ملوث 91 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

ایس ایس پی ایس آئی یو/سی آئی اے کراچی کے ترجمان نے کہا کہ شہر میں بھتہ خوری کا خاتمہ کرنے کے لیے سخت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور کسی کو بھی قانون سے بچنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

مزیدخبریں