"توشہ خانہ ٹو کا فیصلہ پی ٹی آئی دورِ حکومت کی کرپشن کا کھلا اعتراف ہے؛رانا ثنا اللہ کا دعویٰ

11:04 AM, 20 Dec, 2025

اسلام آباد: وزیرِاعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ توشہ خانہ ٹو کا فیصلہ پی ٹی آئی کی حکومت کے دوران ہونے والی کرپشن کا کھلا اعتراف ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی نے اپنے دورِ حکومت میں عوامی خزانے کو ذاتی مفاد کے لیے لوٹا اور ملک کے وسائل کا غلط استعمال کیا۔

اپنے بیان میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کو قانون کے مطابق سزا دی گئی ہے، جو کہ عدلیہ کے ذریعے انصاف کی فراہمی کا ایک ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں سیاسی انتقام کے تحت ان پر جھوٹے مقدمات بنائے گئے، لیکن اب کرپشن کے تمام الزامات سامنے آ چکے ہیں۔

رانا ثنا اللہ نے اس فیصلے کو حکومت کی کرپشن کے خلاف پالیسی کی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ عوامی مفاد میں ہے اور آئندہ اس طرح کے اقدامات کو روکنے کے لیے مزید سخت قوانین لائے جائیں گے۔

مزیدخبریں