اسلام آباد: شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے وزارت خارجہ میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور شام کے دیرینہ برادرانہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں جانب سے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ فریقین نے دوطرفہ روابط کو مزید مستحکم کرنے اور مختلف شعبوں میں مشترکہ تعاون کو آگے بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا۔
اسحاق ڈار اور اسعد حسن الشیبانی نے علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو کی، جبکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری سفارتی کوششوں اور باہمی مشاورت کی اہمیت پر زور دیا۔
شامی وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر پاکستان کے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے ہیں۔ شامی سرکاری میڈیا کے مطابق یہ تقریباً 19 برس بعد کسی شامی وزیر خارجہ کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق شامی وزیر خارجہ کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کو نئی وسعت دینے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔