اسلام آباد: شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ وہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ پاکستان آئے ہیں۔
اسلام آباد آمد پر وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری برائے مشرق وسطیٰ نے شامی وزیر خارجہ کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔
اسعد حسن الشیبانی نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات بھی کی، جس میں پاکستان اور شام کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پر گفتگو ہوئی۔ علاقائی صورتحال بھی ملاقات کا اہم موضوع رہی۔
ذرائع کے مطابق شامی وزیر خارجہ اپنے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سمیت دیگر پاکستانی حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ دفاع، اقتصادی تعاون اور دوطرفہ روابط کے فروغ سمیت مختلف امور زیر بحث آنے کا امکان ہے۔
شامی سرکاری میڈیا کے مطابق اسعد حسن الشیبانی کا دورہ پاکستان گزشتہ 19 برس میں کسی شامی وزیر خارجہ کا پہلا دورہ ہے، جسے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور اعلیٰ سطحی رابطوں کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاک شام تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، باہمی تعاون کو وسعت دینے اور دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کو مزید فعال بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔