شہزادہ ہیری اور میگھن کی 6 سال بعد برطانیہ واپسی کا امکان

01:28 PM, 20 Aug, 2026

لندن : شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے تقریباً چھ سال بعد برطانیہ منتقل ہونے کے امکانات ایک بار پھر زیرِ بحث ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کے بچوں کی تعلیم برطانیہ میں شروع ہونے جا رہی ہے، جسے جوڑے کی ممکنہ واپسی سے جوڑا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق شہزادہ آرچی اور شہزادی للی بیٹ نے ستمبر میں برطانیہ کے ایک سکول میں تعلیم کا آغاز کرنے کے لیے داخلہ لے لیا ہے۔ بچوں کی تعلیم سے متعلق اس پیش رفت کے بعد یہ قیاس آرائیاں زور پکڑ گئی ہیں کہ ہیری اور میگھن بھی برطانیہ میں زیادہ وقت گزار سکتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اگر جوڑا برطانیہ واپس آتا ہے تو شاہی ذمہ داریاں سنبھالنے کا امکان نہیں، جبکہ وہ شاہی خاندان کے غیر فعال ارکان کی حیثیت برقرار رکھیں گے۔ برطانوی میڈیا  کی رپورٹ کے مطابق ہیری اور میگھن کسی شاہی رہائش گاہ کے بجائے لندن کے باہر ایک نجی گھر میں رہائش اختیار کر سکتے ہیں۔

ادھر شاہ چارلس اور شہزادہ ہیری کے تعلقات میں حالیہ عرصے کے دوران بہتری کے اشارے بھی سامنے آئے ہیں۔ گزشتہ ماہ شاہ چارلس نے اپنے پوتے آرچی اور پوتی للی بیٹ سے ملاقات کی تھی، جسے دونوں کے درمیان فاصلے کم ہونے کی مثبت علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

ممکنہ واپسی کی صورت میں ہیری اور میگھن کی برطانیہ میں رہائش شاہی خاندان کے ساتھ ان کے تعلقات کے نئے مرحلے کا آغاز بھی بن سکتی ہے۔

مزیدخبریں