کارتک آریان ایکشن منظر کی فلم بندی کے دوران زخمی، ہسپتال میں زیرِعلاج

09:07 AM, 20 Aug, 2026

ممبئی : بالی ووڈ سٹار کارتک آریان ایک فلم کے ایکشن سین کی عکس بندی کے دوران شدید زخمی ہوگئے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کے بعد انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ اس وقت ڈاکٹروں کی نگرانی میں زیرِعلاج ہیں۔

رپورٹس کے مطابق کارتک آریان کے گھٹنے میں چوٹ آئی ہے اور ممکنہ طور پر انہیں سرجری سے گزرنا پڑ سکتا ہے۔ تاہم ان کی انجری کی اصل نوعیت، شدت اور سرجری کے حوالے سے حتمی معلومات ابھی سامنے نہیں آئی ہیں۔ اداکار کی ٹیم نے بھی تاحال اس معاملے پر کوئی باضابطہ وضاحت جاری نہیں کی۔

کارتک آریان کی اچانک انجری کے باعث ان کے آئندہ فلمی شیڈول پر بھی اثر پڑنے کا امکان ہے۔ اداکار پہلے ہی کئی اہم منصوبوں میں مصروف ہیں، اس لیے صحت یابی تک ان کی شوٹنگ سرگرمیاں متاثر ہوسکتی ہیں۔

دوسری جانب کارتک آریان نے حالیہ عرصے میں پروڈکشن کے شعبے میں بھی اپنی سرگرمیاں بڑھائی ہیں۔ وہ ہدایت کار کبیر خان کے ساتھ ایک نئے منصوبے میں بطور پروڈیوسر شامل ہیں، جو دونوں کی دوسری مشترکہ پروڈکشن بتائی جارہی ہے۔

اس کے علاوہ کارتک آریان ہدایت کار مِرگھدیپ سنگھ لمبا کی فلم ’ناگزیلا‘ میں بھی جلوہ گر ہوں گے، جو ان کے آنے والے اہم پروجیکٹس میں شمار کی جارہی ہے۔

فی الحال اداکار کے مداح ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔ کارتک آریان کی طبی حالت اور ممکنہ سرجری کے بارے میں مزید صورتحال ان کی ٹیم کی جانب سے باضابطہ بیان سامنے آنے کے بعد ہی واضح ہوگی۔

مزیدخبریں