لندن: برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم اور ملکہ کیملا نے پاکستان میں حالیہ مون سون کی بارشوں کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصان اور امدادی ہیلکاپٹر حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ایک دلی بیان میں شاہی جوڑے نے ان تمام متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا جنہوں نے اپنے عزیز، گھر اور روزگار کھو دیے ہیں۔ انہوں نے برطانیہ اور پاکستان کے درمیان مضبوط اور دیرینہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا اور برطانیہ میں بسنے والے ان خاندانوں کا بھی ذکر کیا جو پاکستان سے گہرے رشتے رکھتے ہیں۔
بادشاہ اور ملکہ نے اس مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور ہنگامی خدمات، رضاکاروں اور مقامی برادریوں کی جرات اور محنت کو سراہا جو بڑی مشکلات کے باوجود جان بچانے اور امداد پہنچانے کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔
بادشاہ چارلس اور ملکہ کیملا نے متاثرہ افراد کی ہمت اور ہمدردی کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور ان کے لیے اپنی دعاؤں اور بھرپور تعاون کا یقین دلایا، جب وہ اپنی کمیونٹیز کی بحالی اور دوبارہ تعمیر کا آغاز کریں۔