کراچی میں موسلادھار بارش کا دوسرا دن، سڑکیں زیرِ آب، نظامِ زندگی مفلوج

03:32 PM, 20 Aug, 2025

کراچی: شہر قائد میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ زور پکڑ گیا ہے۔ دوسرے روز بھی تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش نے کراچی کے بیشتر علاقوں کو لپیٹ میں لے لیا، جس سے شہر کی سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی ہیں اور معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہو گئے ہیں۔

بارش کا آغاز دن کے وقت ہوا جو وقفے وقفے سے مختلف علاقوں میں جاری ہے۔ شاہ فیصل کالونی، صدر، لیاقت آباد، جمشید روڈ، کلفٹن، ڈیفنس، شارع فیصل، نرسری، طارق روڈ، اردو بازار، برنس روڈ اور دیگر علاقوں میں بارش کے باعث پانی جمع ہو گیا، جس سے ٹریفک کی روانی میں شدید خلل پیدا ہوا۔

بارش کے باعث شہر کے سات انڈر پاسز بند کر دیے گئے کیونکہ ان میں کئی فٹ پانی بھر چکا ہے۔ نرسری، شارع فیصل اور دیگر مقامات پر بارش کے بعد کچرے کے ڈھیر جمع ہو گئے ہیں، جس سے تعفن پھیل رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بارش کا یہ سلسلہ آج شام سات بجے تک جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ سندھ بھر میں یہ صورتحال 23 اگست تک برقرار رہ سکتی ہے۔ محکمہ کے مطابق شہر کے شمال مشرقی حصے میں گرج چمک کے بادل موجود ہیں۔

گزشتہ روز ہونے والی شدید بارش میں 11 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ آج کراچی میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، عدالتیں بند ہیں، اور کئی علاقوں میں بجلی بھی تاحال بحال نہیں ہو سکی، جس کے باعث شہری شدید گرمی اور حبس کا سامنا کر رہے ہیں۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی ایک عالمی مسئلہ ہے اور اس کا الزام کسی ایک ادارے پر نہیں ڈالا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ منگھو پیر میں ریکارڈ 235 ملی میٹر بارش ہوئی۔ نیوز کانفرنس کے دوران دوبارہ بارش شروع ہونے پر وہ کانفرنس ادھوری چھوڑ کر چلے گئے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اور بلدیاتی ادارے ہنگامی بنیادوں پر نکاسیٔ آب اور صفائی ستھرائی کے مؤثر اقدامات کریں تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔

مزیدخبریں