لاہور : پنجاب بھر کے مختلف تعلیمی بورڈز نے نویں جماعت کے امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ لاہور بورڈ کے تحت تقریباً 3 لاکھ 80 ہزار طلباء نے امتحان دیا، جن میں سے ایک لاکھ 38 ہزار کے قریب طلباء کامیاب ہوئے۔ لاہور میں لڑکیوں کی کامیابی کی شرح لڑکوں سے کافی بہتر رہی، جہاں لڑکیوں کا پاس ہونے کا تناسب 53.89 فیصد اور لڑکوں کا 35.33 فیصد رہا۔
گوجرانوالہ بورڈ میں 2 لاکھ 71 ہزار سے زائد امیدواروں نے امتحان دیا، جس میں ایک لاکھ 34 ہزار سے زیادہ طلباء کامیاب ہوئے اور یہاں کامیابی کی شرح 49.37 فیصد رہی۔
ملتان بورڈ کے تحت ایک لاکھ 44 ہزار کے قریب امیدواروں نے امتحان دیا، جہاں کامیابی کی شرح 52.11 فیصد رہی۔ فیصل آباد بورڈ میں 2 لاکھ 5 ہزار طلباء نے امتحانات میں حصہ لیا، اور کامیابی کا تناسب 51.55 فیصد رہا۔