وزیر اعلیٰ مریم نواز کی جاپان کے سینئر وزیر خارجہ مایا جی ٹاکوما سے ملاقات

12:04 PM, 20 Aug, 2025

ٹوکیو : وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جاپان کے سینئر وزیر خارجہ مایا جی ٹاکوما سے ملاقات کی، جہاں دونوں رہنماؤں نے پاک جاپان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تجارت و سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی۔

مایا جی ٹاکوما نے پنجاب میں شروع کیے گئے 120 سے زائد ترقیاتی منصوبوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان ہمارے لیے ایک خاص دوست ملک ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کو جاپان کا سرکاری دورہ کرنے والی پہلی خاتون وزیراعلیٰ ہونے پر خوش آمدید بھی کہا گیا۔

مریم نواز نے کہا کہ وہ جاپان کے ترقیاتی ماڈل کو پنجاب میں نافذ کرنا چاہتی ہیں، کیونکہ جاپان نے نہ صرف معاشی بلکہ تکنیکی اور معاشرتی ترقی میں بھی حیرت انگیز کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جاپان کی انسانی اقدار اور معاشرتی روایات بھی قابل تقلید ہیں۔ خاص طور پر جاپان کی زلزلے سے نمٹنے کی جدید تعمیراتی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔

مایا جی ٹاکوما نے پاکستان میں حالیہ سیلاب اور خاص طور پر خیبرپختونخوا میں ہونے والے نقصان پر گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے جاپان کے تجربات سے فائدہ اٹھانے پر بھی اتفاق کیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے جاپان کی تکنیکی ترقی اور اس کے عالمی مقام کو سراہا اور کہا کہ پاکستان اور جاپان ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے جاپان کی جانب سے پاکستان کو زلزلے کے دوران دی گئی مدد کو بھی یاد کیا۔

مریم نواز نے سرمایہ کاروں کے لیے اپنی حکومت کی جانب سے دی جانے والی سہولیات سے بھی آگاہ کیا، جس پر جاپانی وزیر نے ان کا شکریہ ادا کیا اور پاک جاپان تعلقات کے مزید فروغ کے لیے اپنی حمایت کا یقین دلایا۔

مزیدخبریں